حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے شہر جعفرآباد موغان میں حضرت مہدی موعود (عج) ثقافتی فاؤنڈیشن کے سربراہ حجت الاسلام مہران احدی لاہرودی نے امام ہمام کی بے مثال کرامت اور سخاوت کا ذکر کرتے ہوئے انہیں تمام نیکیوں و خیرات کی بہترین مثال کے طور پر متعارف کرایا۔
انہوں نے کہا: امام حسن مجتبی علیہ السلام معاشرے کے مصیبت زدہ اور ضرورت مند افراد کے ساتھ بہت ہمدردی کیا کرتے تھے۔ آپ ہمیشہ فقراء اور مظلوموں اور کم آمدنی والے لوگوں کے ساتھ ہمنشین ہو جایا کرتے اور ان کے دکھ درد کو سنتے تھے اور ان کا مداوا کرتے تھے۔
حضرت مہدی موعود (عج) ثقافتی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے امام حسن مجتبی علیہ السلام کی کرامت اور سخاوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آپ نے اپنی تمام تر قوت نیکی اور خدائی کاموں کے لیے صرف کی اور خدا کی راہ میں کثیرمال عطیہ کیا۔ تاریخ دانوں اور دانشمندوں نے ان کی سوانح حیات میں بے مثال بخشش اور عظیم اور منفرد عطیات درج کیے ہیں۔
انہوں نے امام حسن (ع) کی عظمت اور سخاوت سے متعلق بعض تاریخی نمونوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: روایت میں آیا ہے کہ ایک دن امام حسن علیہ السلام غریبوں کے ایک گروہ کے پاس سے گزرے جنہوں نے زمین پر سوکھی روٹیاں رکھی ہوئی تھیں اور اسے کھا رہے تھے۔ حضرت نے گھوڑے سے اتر کر ان کے ساتھ کھانا کھایا اور پھر انہیں اپنے گھر دعوت پر بلایا اور ان کی خوب خاطر مدارت فرمائی۔
حجت الاسلام لاہرودی نے کہا: امام حسن مجتبی علیہ السلام کا لقب "کریم اہل بیت" ہے جو ان کی کرامت اور سخاوت کو دیکھتے ہوئے صرف انہی کے مناسب ہے۔